حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم قم کے صدر علامہ سید شیدا حسین جعفری نے نئے عیسوی سال کے آغاز پر اپنے پیغام میں ساری دنیا کو مبارکباد دیتے ہوئے عالمی امن، فلاح و بہبود اور مظلوم اقوام کی آزادی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حضرت مریم سلام اللہ علیہا کی پاکیزہ زندگی اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی نجات بخش تعلیمات کا سارا عالم انسانیت ممنون ہے۔
انہوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو توحید اور انسانی نجات کے علمبردار کے طور پر یاد کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ بشریت میں حضرت عیسی علیہ السلام تقوی، پارسائی، انسانی دوستی، مسیحائی اور نیکی کا استعارہ ہیں۔ انہوں نے نئے عیسوی سال کے آغاز پر حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے تبلیغی جہاد اور انسانی ہدایت کیلئے بے مثال خلوص کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مبلغین دین کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تبلیغی روشوں اور عزم صمیم کا مطالعہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے حضرت عیسی علیہ السلام کی مجاہدانہ زندگی کو مشعل راہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حضرت عیسی علیہ السلام کی ہدایت بخش زندگی سے دنیا کے تمام انسانوں خصوصا فلسطین کے عوام کو اپنی سربلندی، کامیابی اور نجات کیلئے قربانی دینے کا درس ملتا ہے۔